لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز لاہور قلندرز کے سی ای او عاطف رانا نے کہا ہے کہ فخر زمان پی ایس ایل کے نویں ایڈیشن میں لاہور قلندرز فیملی کا ہی حصہ ہوں گے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو میں عاطف رانا کا کہنا تھا کہ فخر زمان لاہور قلندرز سے فخر پاکستان بنے اور یہ اب کیسے ہو سکتا ہے کہ وہ قلندرز فیملی کا حصہ نہ ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل ڈرافٹ کے لیے پرجوش ہیں، ہم پلیئرز ڈویلپمنٹ کیلئے سال بھر کام کرتے ہیں اور اب پلیئرز ڈویلپمنٹ پروگرام کے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کرنے کا وقت آ گیا ہے۔
سی ای او لاہور قلندرز نے کہا کہ ہمارے پاس اچھے آپشنز موجود ہیں، اس مرتبہ بھی مضبوط ٹیم بنے گی، دو مرتبہ کی چیمپئن لاہور قلندرز 9 ویں ایڈیشن میں بھی ٹف ٹائم دے گی۔
عاطف رانا کا مزید کہنا تھا کہ شاہین آفریدی ، حارث رؤف ، فخر زمان ، محمد رضوان اور بابر اعظم دنیا کے بڑے نام ہیں جو پی ایس ایل میں ان ایکشن ہوتے ہیں، ہم پی ایس ایل کا پاکستان میں ہی ہونا اہم سمجھتے ہیں۔