پشاور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن کیلئے پشاور کو ایک میچ کی میزبانی ملنے کا امکان روشن ہوگیا۔
خیبرپختونخوا میں شائقین کے بھرپور اصرار پر بھی پشاور میں کوئی پی ایس ایل میچ نہیں کروایا جا سکا، اس کی وجہ گزشتہ 2 سال سے تعطل کا شکار ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم کا تعمیراتی منصوبہ تھا، خیبرپختونخوا حکومت نے اب پشاور میں ایک میچ کی میزبانی حاصل کرنے کیلئے پی سی بی سے رابطہ کرلیا ہے اور حیات آباد کرکٹ سٹیڈیم میں میچ کروانے کی پیشکش کی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی وفد نے گزشتہ روز پشاور کا دورہ کیا اور سپورٹس ڈیپارٹمنٹ سمیت حکومتی شخصیات سے تبادلہ خیال کیا، میچ سے قبل حیات آباد سٹیڈیم کو بورڈ کی تحویل میں دینا ہوگا، خیبرپختونخوا کے محکمہ سپورٹس نے پی ایس ایل میچ پشاور میں کرانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وینیو میں باقی کام جنوری تک مکمل کرلیا جائے گا۔
پی سی بی کے ساتھ معاملات طے کرنے کیلئے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی جو اتوار تک قواعد و ضوابط تیار کرے گی، اگلے ہفتے معاہدہ طے پانے کا امکان ہے، پی سی بی نے انفراسٹرکچر اور ڈومیسٹک شعبہ جات کے ممبران سے رپورٹ بھی طلب کی ہے۔
سیکرٹری سپورٹس مطیع اللہ خان کا کہنا ہے کہ امید ہے پی ایس ایل کے ایک میچ کی میزبانی پشاور کو مل جائے گی، ہماری بات چیت جاری ہے اور پی سی بی کے وفد نے پشاور کا دورہ بھی کیا،باقی معاملات طے پا رہے ہیں۔