پی ایس ایل 9 کیلئے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ مکمل

Published On 13 December,2023 06:34 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کے لیے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ مکمل ہو گئی، تمام 6فرنچائزز نے 18رکنی سکواڈ کو فائنل کرلیا۔

لاہورمیں نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ہونیوالی پی ایس ایل 9 کے پلیئرز ڈرافٹ کی تقریب میں فرنچائزز کے مالکان، چیئرمین پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف اور کرکٹرز شریک ہوئے۔

ملتان سلطانز نے پلاٹینم کیٹیگری کے راؤنڈ ون میں اپنی پہلی پک میں انگلینڈ کے فاسٹ بولر ڈیوڈ ولی کو پک کرلیا، کراچی کنگز نے پلاٹینم راؤنڈ ون کی دوسری پک میں ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے کیرون پولارڈ کو چن لیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پلاٹینم راؤنڈ ون کی تیسری پک میں ویسٹ انڈیز کے ہی شیرفن ردرفورڈ اور محمد عامر کا انتخاب کیا، پشاور زلمی نے چوتھی پک میں افغانستان کے نور احمد کا انتخاب کرلیا جبکہ لاہور قلندرز نے پلاٹینم راؤنڈ ون کی چھٹی پک میں فخر زمان کا انتخاب کرلیا۔

لاہور قلندرز نے پلاٹینم کے دوسرے راؤنڈ کی پہلی پک میں جنوبی افریقا کے راسی وین ڈر ڈوسن کا انتخاب کرلیا، اسلام آباد یونائیٹڈ نے پلاٹینم راؤنڈ ٹو کی دوسری پک میں انگلینڈ کے جورڈن کاکس کو پک کرلیا جبکہ کراچی کنگز نے پلاٹینم راؤنڈ ٹو کی تیسری پک میں آسٹریلوی آل راؤنڈر ڈینئل سیمز جبکہ چوتھی اور آخری پک میں محمد نواز کو ٹیم کا حصہ بنالیا۔

ڈائمنڈ کیٹیگری کے راؤنڈ ون کی پہلی پک میں ملتان سلطانز نے انگلینڈ کے ڈیوڈ ملان کا انتخاب کرلیا، پشاور زلمی نے آصف علی جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے انگلینڈ کے بولر ٹائمل ملز کو ٹیم کا حصہ بنایا، کراچی کنگز نے ڈائمنڈ راؤنڈ ون کی چوتھی پک میں نیوزی لینڈ کے ٹم سائفرٹ جبکہ لاہور قلندرز نے ڈائمنڈ راؤنڈ ون کی پانچویں پک میں صاحبزادہ فرحان کو چن لیا۔

گولڈ کیٹیگری میں پشاور زلمی نے نوین الحق کو ٹیم میں شامل کیا جبکہ ملتان سلطانز نے ریزا ہینڈرکس اور ریسی ٹوپلی کا انتخاب کیا۔

سلور کیٹیگری کے راؤنڈ ون میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلی پک میں سعود شکیل، ملتان سلطانز نے طیب طاہر اور شاہ نواز دھانی، لاہور قلندرز نے محمد عمران جونیئر، کراچی کنگز نے محمد عامر خان اور پشاور زلمی نے عارف یعقوب کو ٹیم میں شامل کیا۔

سلور کیٹیگری راؤنڈ ٹو میں اسلام یونائیٹڈ نے میتھیو فورڈ اورسلمان علی آغا ، لاہورقلندرز نے احسن بھٹی کو سلیکٹ کرلیا جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سجاد علی جونیئر اور ملتان سلطانز نے محمد علی کو اپنی ٹیم کا حصہ بنالیا۔

سلورکیٹیگری راؤنڈ تھری میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے عثمان قادر، لاہورقلندرز نے ڈان لارنس، ملتان سلطانز نے عثمان خان اور پشاور زلمی نے عمیر آفریدی کو سلیکٹ کرلیا جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے قاسم اکرم اور کراچی کنگز نے انور علی کو منتخب کرلیا۔

سلور کیٹیگری راؤنڈ فور میں کراچی کنگز نے عرفات منہاس ، پشاور زلمی نے ڈان موسلے اور اسلام آباد نے شہاب خان کو منتخب کرلیا ہے۔

ایمرجنگ کیٹیگری کے پہلے راؤنڈ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے نسیم شاہ کے بھائی حنین شاہ کوپک کرلیا، پشاور زلمی نے محمد ذیشان، ملتان سلطانز نے یاسرخان، لاہور قلندرز نے جہانداد خان، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے عادل ناز اور کراچی کنگز نے سراج الدین کو منتخب کیا۔

ایمرجنگ کیٹیگری راؤنڈ 2 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے خواجہ نافع، لاہور قلندرز نے فریدون محمود اور اسلام آباد یونائیٹڈ نے نسیم شاہ کے بھائی عبید شاہ منتخب کیا۔

واضح رہے کہ نسیم شاہ اور ان کے دونوں بھائی حنین شاہ اور عبید شاہ بھی پی ایس ایل 2024 میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کریں گے۔

Advertisement