لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پلیئرز ڈویلپمنٹ کے تین پروگرامز کا اعلان کر دیا۔
پی سی بی نے ملک بھر میں تین ترقیاتی پروگراموں کا اعلان کیا ہے، پروگرام کے مطابق سات شہروں میں ذیلی اکیڈمیوں کو فعال کرنا، قومی کھلاڑیوں کے لیے خصوصی تربیتی کیمپ اور انڈر 19 کھلاڑیوں کو معیاری پیشہ ور افراد کے طور پر تیار کرنے کے لیے ان کی مالی معاونت کا منصوبہ شامل ہے۔
چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکاء اشرف نے ڈائریکٹر کرکٹ محمد حفیظ سے مشاورت کے بعد پاکستان کرکٹ کی بہتری کے لیے اقدام کی توثیق کر دی ہے، پی سی بی ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) کے ساتھ تعاون کرے گا، جس کے تحت اکیڈمیوں کے لیے اسلام آباد، کوئٹہ، بہاولپور، لاہور اور پشاور میں کرکٹ گراؤنڈز کے لیے زمین فراہم ہوسکے گی۔
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) December 26, 2023
کراچی میں حنیف محمد ہائی پرفارمنس سنٹر اور ملتان میں انضمام الحق ہائی پرفارمنس سینٹر کو بھی متعلقہ وسائل کی تقرری کے ساتھ ذیلی اکیڈمیوں کے طور پر فعال کیا جائے گا، ترقیاتی پروگراموں کے ایک حصے کے طور پر قومی اور آنے والے کھلاڑیوں کے لیے خصوصی تربیتی کیمپ کا اہتمام کیا جائے گا،انڈر 19 کھلاڑیوں کو مہارت کی تربیت اور پیشہ ور افراد کے طور پر مکمل تیار کرنے کے ساتھ ساتھ وسیع مالی مدد فراہم کی جائے گی۔
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) December 26, 2023
ڈائریکٹر کرکٹ محمد حفیظ نے ترقیاتی پروگراموں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں تین ترقیاتی پروگراموں کا اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے، اس کا مقصد نوجوان کھلاڑیوں کو تیار کرنا، خصوصی کیمپوں کے ذریعے قومی کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنا اور ذیلی اکیڈمیوں کو سال بھر کے لیے فعال کرنا ہے۔
محمد حفیظ نے کہا کہ کھلاڑیوں کی صلاحیتوں پر کام کرنا اور انہیں عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے،ترقیاتی پروگرام میں اندرون سندھ اور سابق فاٹا کو فوکس کیا جائے گا تاکہ دور دراز علاقوں میں موجود ٹیلنٹ کو بھی بین الاقوامی پروڈکٹ میں تبدیل کیا جا سکے۔