پاکستان سپر لیگ 9 کا شیڈول جاری، 17 فروری کو پہلا ٹاکرا

Published On 12 January,2024 07:44 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان سپر لیگ سیزن 9 کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا، پی ایس ایل 9 کا آغاز 17 فروری سے ہو گا۔

کراچی کا نیشنل بینک سٹیڈیم پلے آف اور فائنل سمیت 11 میچوں کی میزبانی کرے گا، ایچ بی ایل پی ایس ایل 9 کا آغاز 17 فروری کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہو گا۔

پہلے میچ میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کا مقابلہ اسلام آباد یونائیٹڈ سے ہوگا، دونوں ٹیمیں دو دو مرتبہ ٹائٹل جیت چکی ہیں۔

شائقین کا مقبول ترین ایونٹ 4 شہروں کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں کھیلا جائے گا، 6 ٹیموں پر مشتمل پی ایس ایل کا فائنل 18 مارچ کو کراچی کے نیشنل بینک سٹیڈیم میں ہو گا، 34 میچوں پر مشتمل اس ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں کراچی گیارہ میچوں کی میزبانی کرے گا جن میں کوالیفائر، دو ایلیمینیٹرز اور فائنل شامل ہیں۔

لاہور کا قذافی سٹیڈیم اور راولپنڈی کا پنڈی کرکٹ سٹیڈیم 9، 9 میچز کی میزبانی کرے گا جبکہ ملتان میں شائقین 5 میچز دیکھ سکیں گے، ٹورنامنٹ میں 7 ڈبل ہیڈرز ہوں گے، پنڈی کرکٹ سٹیڈیم 5 ڈبل ہیڈرز میچوں کی میزبانی کرے گا۔

لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے درمیان مقابلہ 24 فروری اور 9 مارچ کو ہوگا، قذافی سٹیڈیم 24 فروری کو میزبانی کرے گا جبکہ نیشنل بینک سٹیڈیم میں دونوں ٹیمیں 9 مارچ کو مدمقابل ہوں گی۔

کنگز، قلندرز، سلطانز اور یونائیٹڈ اپنے ہوم گراؤنڈ پر 5 میچز کھیلیں گی جبکہ پشاور زلمی 4 میچز پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں تین تین میچ کھیلے گی جب کہ ایک میچ ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں 25 فروری کو ہوم سائیڈ سلطانز کے خلاف کھیلے گی۔

سابق ایڈیشن کی طرح ایچ بی ایل پی ایس ایل کا 9 واں ایڈیشن بھی دو مرحلوں میں ہو گا جس میں ملتان کرکٹ سٹیڈیم اور قذافی سٹیڈیم لاہور 17 سے 27 فروری تک 14 میچوں کی میزبانی کریں گے، اس کے بعد کرکٹ ایکشن راولپنڈی کے پنڈی کرکٹ سٹیڈیم اور کراچی کے نیشنل بینک سٹیڈیم میں منتقل ہو جائے گا جہاں 28 فروری سے 18 مارچ تک 20 میچ کھیلے جائیں گے۔

پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیرمین ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ ہمیں یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کا نواں ایڈیشن 17 فروری سے شروع ہونے والا ہے جس میں چار شہروں میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی خوبصورتی نظر آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ ان شہروں میں ایونٹ کی میزبانی کا فیصلہ ملک بھر کے شائقین کے لیے اعلیٰ درجے کی کرکٹ پیش کرنے کے ہمارے عزم کا ثبوت ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ ان شہروں میں میچوں کی میزبانی نہ صرف شائقین کے جوش وخروش میں اضافہ کرتی ہے بلکہ گراس روٹ لیول پر کرکٹ کو بھی فروغ دیتی ہے۔

ذکا اشرف نے کہا کہ ہم اس شاندار ایونٹ کے لیے تیار ہیں اور ساتھ ہی ہم سنسنی خیز مقابلے دیکھنے اور ملک بھر میں کرکٹ کے شائقین کے لیے ناقابل فراموش لمحات فراہم کرنے کے بھی منتظر ہیں۔ 

Advertisement