افغانستان کو دوسرے سپر اوور میں شکست، بھارت کا ٹی 20 سیریز میں کلین سویپ

Published On 18 January,2024 05:38 am

بنگلور: (دنیا نیوز) بھارت نے افغانستان کو دوسرے سپر اوور میں شکست دے کر تین ٹی ٹوئٹنی میچوں کی سیریز 0-3 سے جیت لی۔

بھارت کے شہر بنگلور میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی سیریز کے آخری میچ میں دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو ملا، بھارت کی جانب سے مہمان ٹیم کو 212 رنز کا ہدف ملا جسے انہوں نے مقررہ اوورز میں برابر کر دیا، یوں سکور برابر ہونے پر میچ کا فیصلہ کرنے کیلئے بات سپر اوور تک جا پہنچی۔

پہلے سپر اوور میں افغانستان نے بیٹنگ کرتے ہوئے 16 رنز بنائے جسے بھارت نے برابر کر دیا، دوسرے سپر اوور میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کی اور مہمان ٹیم کو 12 رنز کا ہدف دیا، ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی ٹیم صرف ایک رنز ہی بنا سکی، یوں سیریز بھارت کے نام رہی۔

قبل ازیں بھارت نے افغانستان کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، روہت شرما اور رنکو سنگھ کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت افغانستان کیخلاف 4 وکٹوں پر 212 رنز بنائے، روہت 69 گیندوں پر 121 اور رنکو سنگھ 39 گیندوں پر 69 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

ہدف کے جواب میں افغانستان نے بھی جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 212 رنز بنائے اور میچ برابر ہو گیا، رحمان اللہ گرباز اور ابراہیم زادران نے 50، 50 رنز کی اننگز کھیلی، گلبدین نائب کے 23 گیندوں پر 55 رنز کی بدولت افغان ٹیم میچ برابر کرنے میں کامیاب ہوئی۔