افغانستان کیخلاف شاندار سنچری، روہت شرما کا کئی ریکارڈز پر قبضہ

Published On 18 January,2024 06:02 am

بنگلور: (ویب ڈیسک) بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے افغانستان کیخلاف ٹی ٹوئٹنی سیریز کے تیسرے میچ میں شاندار سنچری سکور کر کے کئی ریکارڈز پر قبضہ جما لیا ہے۔

گزشتہ روز بھارتی شہر بنگلور میں بھارت اور افغانستان کے درمیان ہونے والے میچ میں روہت شرما نے اپنے ٹی 20 کیریئر کی 5 ویں سنچری سکور کر کے تاریخ رقم کر دی جس کے بعد وہ ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں میں 5 سنچریاں بنانے والے پہلے بیٹر بن گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: افغانستان کو دوسرے سپر اوور میں شکست، بھارت کا ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کلین سویپ

تیسرے ٹی 20 میں بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 کھلاڑیوں کے نقصان پر افغانستان کو 212 رنز کا ہدف دیا، اس میچ میں روہت شرما 69 گیندوں پر 121 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، انہوں نے اپنی اننگز میں 8 چھکے اور 11 چوکے لگائے۔

یادگار اننگز کے ساتھ روہت شرما نے بطور کپتان اپنے مجموعی رنز میں ورات کوہلی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا، کوہلی ٹی 20 کرکٹ میں سب سے زیادہ 1570 رنز بنانے والے کپتان تھے۔

افغانستان کیخلاف روہت شرما کے 121 رنز ٹی 20 میں ان کے کیریئر کا سب سے بڑا انفرادی سکور بھی ہے، اس سے قبل انہوں نے 2017ء میں اندور میں سری لنکا کیخلاف میچ میں 118 رنز بنائے تھے، 2018ء میں روہت شرما نے ویسٹ انڈیز کیخلاف بھی ایک میچ میں 111 رنز بنائے۔