لاہور:(دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)میں جاری مختلف منصوبے روک دیئے گئے۔
پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نے آئی پی سی کی ہدایت پر جاری مختلف منصوبوں پر کام روک دیا، منصوبے روکنے کا فیصلہ پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چوتھے اجلاس میں کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق این سی اے اور قذافی سٹیڈیم میں سولر پینل کی تنصیب کا منصوبہ جاری تھا اورمنصوبے کیلئے 7 کروڑ روپے کی رقم مختص تھی۔
پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نے راولپنڈی سٹیڈیم میں نئی کرسیوں کی تنصیب کا کام بھی روک دیا، منصوبے کیلئے پی سی بی فنڈز سے 6 کروڑ روپے مختص تھے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ملتان اور راولپنڈی سٹیڈیم میں ڈیجیٹل سکرینز کی انسٹالیشن کا کام بھی روک دیا گیا، منصوبے کیلئے 8 ارب 4 کروڑ روپے مختص کئے گئے تھے۔