لاہور:( دنیا نیوز) قائم مقام چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ شاہ خاور نے کہا ہےکہ پی سی بی میں تقرری بطور الیکشن کمشنر ہوئی ہے، کوشش ہے مقررہ وقت پر انتخابات کراؤں۔
پی سی بی ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قائم مقام چیئرمین شاہ خاورکا کہنا تھا کہ 16 جنوری کو مینجمنٹ کمیٹی کا اجلاس ہوا تھا جس میں میری تعیناتی ایک ماہ کیلئے بڑھا دی گئی ہے، پی سی بی کے آئین نے مجھے ادارے کے الیکشن کرانے کی ذمہ داری دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بورڈ آف گورننس 11 اراکین پر مشتمل ہے، قائم مقام چیئرمین پی سی بی کیلئے ذکا اشرف کی جگہ محسن نقوی کا نام سامنے آیا ہے، 8 بورڈ آف گورنرز کی تعیناتی یقینی بنانی ہے جس کی تشکیل کے بعد کرکٹ بورڈ کے الیکشن کا اعلان کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ گورننگ بورڈ میں ریجنز کے وہ نمائندے ہوں گے جو پورے ملک کی نمائندگی کررہے ہیں، کوشش ہے مقررہ وقت پر الیکشن کراؤں اسے آگے نہیں لے جا سکتے۔