راوالپنڈی: (دنیا نیوز) پاکستان سپر لیگ سیزن 9 کے 27 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ملتان سلطانز کو 3 وکٹوں سے شکست دیدی۔
ملتان سلطانز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کیلئے 229 رنز کا ہدف دیا، اسلام آباد یونائیٹڈ نے7 وکٹوں کے نقصان پر 20ویں اوور کی آخری گیند پر ہدف حاصل کرلیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے کولن منرو نے 40 گیندوں پر 84 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی، ان کی اننگ میں 9 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے،کپتان شاداب خان نے 54، فہیم اشرف نے 23، حیدر علی نے 19 رنز سکور کیے جبکہ سلمان علی آغا 2 اور ایلکس ہیلز کوئی سکور نہ بنا سکے۔
یونائیٹڈ کے عماد وسیم 30 اور نسیم شاہ ایک سکور کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، ملتان سلطانز کی جانب سے عباس آفریدی نے3 اور محمد علی نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ ڈیوڈ ویلی اور کرس جورڈن نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
قبل ازیں ملتان سلطانز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 228 رنز بنائے، سلطانز کے عثمان خان کی 50 گیندوں پر 100 رنز کی اننگز بھی ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کروا سکی، جانسن چارلس نے 42، یاسر خان نے 33، کپتان محمد رضوان نے 20 اور افتخار احمد نے 13 رنز بنائے جبکہ کرس جورڈن 15 رنز کیساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے فہیم اشرف نے 2 جبکہ نسیم شاہ اور حنین شاہ نے ایک، ایک کھلاڑی کو پویلین بھیجا۔