اہم کھلاڑیوں کی عدم دستیابی ناکامیوں کی وجہ بنی: عاقب جاوید

Published On 08 March,2024 06:59 pm

کراچی: (دنیا نیوز) لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے کہا کہ پی ایس ایل سیزن 9 کے ڈرافٹ میں شامل کئی اہم کھلاڑی ہمیں دستیاب نہیں، انکی عدم موجودگی ناکامیوں کی وجہ بنی۔

نیشنل سٹیڈیم کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کبھی سوچا نہیں تھا کہ پی ایس ایل میں بطور دفاعی چیمپئن ایسی شروعات ہوگی، ناکامی کا سوچ کر کبھی بھی ایونٹ کی شروعات نہیں کی جاتی۔

عاقب جاوید نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں کبھی بھی کچھ بھی ہو سکتا ہے، ایک ایک ہیرا تراشتے ہوئے 2021 میں ہماری ٹیم پوری ہوئی، فخرزمان، حارث رؤف ، راشد خان جیسے کھلاڑی ہمیں ملے۔

انہوں نے کہا کہ دس دن میں چھ میچ ہم نے کھیلے ہم نے کچھ میچز میں بہت برا کھیلا جبکہ کچھ میچیز ہم بہت کلوز گئے، راشد خان کا نہ ہونا بہت بڑا نقصان ہے، حارث، ڈیوڈ اور راشد خان جیسے کھلاڑی نہ ہو تو فرق تو آئے گا۔

Advertisement