کراچی: (دنیا نیوز) ایچ بی ایل پی ایس ایل سیزن نائن کے 29 ویں میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 2 رنز سے شکست دے دی، 46 بالز پر 51 رنز کی اننگز کھیل کر بابر اعظم میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
کراچی کے نیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں ہونیوالے پی ایس ایل سیزن 9 کے 29 ویں میچ میں پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے کراچی کنگز کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی ٹیم 145 رنز پر ہی ہمت ہار گئی۔
کراچی کنگز کی جانب سے ٹم سیفرٹ اور جیمز ونس نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو دونوں اوپنرز ہی جارحانہ دکھائی دیئے، ٹم سیفرٹ نے برق رفتار اننگز کھیلتے ہوئے 30 بالز پر 41 رنز بنائے جبکہ ان کا ساتھ دینے والے جیمز ونس 27 بالز پر 21 رنز ہی بنا سکے۔
61 رنز کے مجموعی سکور پر اوپننگ ٹوٹنے کے بعد آنے والے کپتان شان مسعود دوسری ہی بال پر صائم ایوب کے ہاتھوں کلین بولڈ ہو گئے ان کے بعد شعیب ملک اور عرفان نیازی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی، دونوں نے 49 رنز کی شراکت قائم کی، 117 رنز پر شعیب ملک نوین الحق کی بال پر آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔
شعیب ملک کے آؤٹ ہونے کے بعد کیرن پولارڈ کریز پر پہنچے اور صرف 4 بالز کے مہمان ثابت ہوئے، ان کے بعد آل راؤنڈر انور علی نے عرفان خان نیازی کا ساتھ دیا لیکن وہ بھی ٹیم کو جتوانے میں ناکام ثابت ہوئے، یوں کراچی کنگز کی ٹیم 5 وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز ہی بنا پائی، پشاور زلمی کی جانب سے نوین الحق نے 2، عامر جمال، لوک ووڈ اور صائم ایوب نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
پشاور زلمی کی جانب سے کپتان بابر اعظم 51 رنز کیساتھ نمایاں رہے، روومین پاول نے 30، صائم ایوب نے 19 اور محمد حارث نے 13 رنز بنائے، حسیب اللہ ایک، ٹام کوہلر کیڈمور 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، کراچی کنگز کی جانب سے ڈینیئل سیمز، عرفات منہاس، زاہد محمود اور حسن علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔