راولپنڈی: (دنیا نیوز) ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ سیزن نائن کے 21 ویں میچ میں پشاور زلمی کے بڑے ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کے کھلاڑی افتخار احمد اور کرس جورڈن کی دھواں دار بلے بازی بھی کام نہ آئی، پشاور زلمی 205 رنز کے ہدف کا دفاع کرنے میں کامیاب ہو گئی۔
ہدف کے تعاقب میں مقررہ 20 اوورز میں ملتان سلطانز کی ٹیم 200 رنز بنا سکی، سلطانز کی جانب سے محمد رضوان نے 32، کرس جورڈن نے 12 گیندوں پر 30 رنز بنائے جبکہ افتخار احمد نے 5 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 27 گیندوں پر 60 رنز بنائے۔
پشاور زلمی کی جانب سے عامر جمال نے دو، نوین الحق اور مہران ممتاز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، سلمان ارشاد 3 اوورز میں 46 رنز دے کر ٹیم کے لیے سب سے مہنگے باؤلر ثابت ہوئے۔
اس سے قبل پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ملتان سلطانز کو 205 رنز کا ہدف دیدیا۔
پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 5 کھلاڑیوں کے نقصان پر 204 رنز بنائے، بابر اعظم نے 2 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 64 رنز کی اننگز کھیلی، صائم ایوب 46 اور حسیب اللہ خان 31 رنز بنا کر نمایاں رہے، اسامہ میر نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں میچ کا آغاز شام 7 بجے ہوا، دونوں ٹیمیں رواں ٹورنامنٹ میں اس سے پہلے بھی مدمقابل آچکی ہیں جس میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو 5 رنز سے شکست دی تھی۔
پشاور زلمی کا سکواڈ
صائم ایوب، بابراعظم (کپتان)، حسیب اللہ خان (وکٹ کیپر)، ٹام کوہلر کیڈمور، روومن پاول، عامر جمال، آصف علی، لیوک ووڈ، نوین الحق، مہران ممتاز، سلمان ارشاد شامل ہیں۔
ملتان سلطانز کا سکواڈ
محمد رضوان (کپتان، وکٹ کیپر)، رضا ہینڈرکس، داؤد مالان، طیب طاہر، افتخار احمد، خوشدل شاہ، کرس جورڈن، ڈیوڈ ولے، اسامہ میر، آفتاب ابراہیم، محمد علی