لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کے راولپنڈی سٹیڈیم میں ہونیوالے دونوں میچ بارش کے باعث منسوخ ہوگئے۔
پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پہلا میچ پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کے درمیان دن دو بجے شیڈول تھا بارش کے باعث ٹاس تک نہ ہو سکا۔
آدھے گھنٹے کی تاخیر سے اڑھائی بجے امپائرز نے پچ کا معائنہ بھی کیا اور دونوں ٹیموں کے کھلاڑی وارم اپ کیلئے میدان میں بھی آئے لیکن پھر اچانک طوفانی بارش شروع ہو گئی اور کھیل ناممکن ہوگیا۔
اس موقع پر شائقین کرکٹ بھی سٹیڈیم پہنچ چکے تھے تاہم انہیں بھی مایوس گھر لوٹنا پڑا۔
دوسرا میچ رات 7 بجے میزبان اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مابین ہونا تھا لیکن بارش کے باعث اسے بھی منسوخ کر دیا گیا۔
دونوں میچز منسوخ ہونے کے باعث چاروں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ مل گیا جس کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کا بھی ایک پوائنٹ کے ساتھ کھاتہ کھل گیا۔
دوسری جانب گزشتہ روز محکمہ موسمیات نے خبردار کیا تھا کہ راولپنڈی میں دن کے وقت بارش کا 100 فیصد امکان ہے جبکہ رات کے اوقات میں 70 فیصد بارش متوقع ہے۔