لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب اور چیئرمین پی سی بی محسن رضا نقوی رات گئے پاکستان سپر لیگ کا میچ دیکھنے قذافی سٹیڈیم پہنچ گئے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی کی دعوت پر آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنز بھی میچ دیکھنے قذافی سٹیڈیم پہنچے، وزیر اعلیٰ نے آسٹریلین ہائی کمشنر کا پرتپاک خیر مقدم کیا، اس دوران نیل ہاکنز نے محسن رضا نقوی کو چیئرمین پی سی بی منتخب ہونے پر مبارکباد بھی دی۔
آسٹریلین ہائی کمشنر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل 9 کے کامیاب انعقاد پر آپ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، قذافی سٹیڈیم میں زبردست ماحول میں میچ کا لطف دوبالا ہو جاتا ہے، نگران وزیر اعلیٰ محسن رضا نقوی نے پی ایس ایل کا میچ دیکھنے کیلئے آنے پر آسٹریلین ہائی کمشنر کا شکریہ ادا کیا۔
محسن نقوی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور آسٹریلیا دونوں ملکوں کے عوام کرکٹ سے محبت کرتے ہیں، کرکٹ امن کا کھیل ہے، چاہتے ہیں کہ آسٹریلین کرکٹ ٹیم پاکستان آکر سیریز کھیلے۔
صوبائی وزراء منصور قادر، عامر میر، اظفر علی ناصر، چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سلمان نصیر، پولیٹیکل سیکرٹری آسٹریلین ہائی کمشنر اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔