بہترین بلے بازی پر شاہین آفریدی نے خواجہ نافع کو بیٹ تحفے میں دے دیا

Published On 20 February,2024 06:53 am

لاہور: (دنیا نیوز) ایچ بی ایل پی ایس ایل 9 میں لاہور قلندرز کیخلاف شاندار بیٹنگ کرنے پر کپتان شاہین آفریدی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خواجہ نافع کو بیٹ تحفے میں دے دیا۔

گزشتہ روز پاکستان سپر لیگ کے 9 ویں سیزن کے چوتھے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کو 5 وکٹ سے شکست دی، لاہور قلندرز نے 188 رن کا ہدف دیا تھا جسے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے آخری اوور میں 5 بالز پہلے ہی حاصل کر لیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خواجہ نافع نے 60 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، ان کی 31 گیندوں پر مشتمل اننگز میں 3 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے تاہم میچ کے بعد لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی نے شاندار بیٹنگ پر اپنا بیٹ خواجہ نافع کو تحفے میں دے دیا۔

سوشل میڈیا پر ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے خواجہ نافع نے کہا ہے کہ شاہین آفریدی نے اس اننگز پر مجھے بیٹ تحفے میں دیا، امید ہے آئندہ بھی اس طرح کی اننگز کھیلتا رہوں گا۔