کراچی :(دنیا نیوز) ورلڈ کپ بلائنڈ کرکٹ ٹورنامنٹ میں شرکت کیلئے بھارتی بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے پاکستان آنے کی تصدیق کردی ہے۔
پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ کا میزبان پاکستان ہے جو اس سال نومبر دسمبر میں کراچی میں ہونا ہے، بھارتی بلائنڈ ٹیم نے سب سے پہلے پاکستان آنے کی حامی بھری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارتی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کی پاکستان آنے سے 2025 میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کیلئے بھارتی ٹیم کے پاکستان آنے کی راہ ہموار ہوگی۔
سید سلطان شاہ نے بتایا کہ اب تک ورلڈ کپ بلائنڈ ٹورنامنٹ میں بھارت سمیت 7 ممالک نے شرکت کی تصدیق کی ہے، ایونٹ میں بھارت، سری لنکا، بنگلادیش، نیوزی لینڈ ،جنوبی افرئقا، نیپال کی ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں، ویسٹ انڈیز بلائنڈ ٹیم کی بھی شرکت کا امکان ہے۔
سید سلطان شاہ کے مطابق ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کپ کیلئے سندھ اور پنجاب حکومت کو خط لکھا ہے، وزیر اعلیٰ سندھ نے میزبانی کی حامی بھی ہے، ورلڈ بلائنڈ کپ کراچی میں کرائیں گے البتہ صوبائی وزیر سپورٹس محمد بخش سے ملاقات میں مزید معاملات طے ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے میزبانی سے معذرت کی تو پھر یہ ایونٹ پنجاب میں کرائیں گے۔