ٹی 20 ورلڈ کپ، نیویارک کرکٹ سٹیڈیم میں جشن کا اہتمام

Published On 16 May,2024 07:46 am

نیویارک: (دنیا نیوز) آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے حوالے سے نیویارک کے ناساؤ انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں جشن منایا گیا۔

تفصیلات کے مطابق نیویارک کے ناساؤ انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ سے متعلق ہونے والی تقریب میں ورلڈ کپ کے سفیر یوسین بولٹ اور کرکٹ لیجنڈز نے شرکت کی، جشن میں پاکستان سٹار کرکٹر شعیب ملک، اینڈرسن، کرٹلی ایمبروز سمیت کئی اہم سابق کرکٹرز موجود تھے، تمام سٹارز نے تقریب کے دوران ایک دیوہیکل کرکٹ بیٹ پر بھی دستخط کیے۔

واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 4 سے 24 جون تک امریکا اور ویسٹ انڈیز کی میزبانی میں کھیلا جائے گا، ایونٹ میں 20 ٹیمیں حصہ لیں گی، 2024ء کے ورلڈ کپ کا فارمیٹ گزشتہ دو ایڈیشنز سے مختلف ہوگا جس میں 20 ٹیموں کو پہلے راؤنڈ کیلئے پانچ پانچ کے چار گروپوں میں تقسیم کیا جائے گا، ہر گروپ سے سرفہرست دو ٹیمیں سپر 8 کیلئے کوالیفائی کریں گی۔

سپر 8 ٹیموں کو چار چار کے دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا، ہر گروپ میں سرفہرست دو ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچیں گی، امریکا کے تین بڑے شہر ڈیلاس، میامی اور نیویارک پہلی بار ٹی 20 ورلڈ کپ 2024ء کے میچز کی میزبانی کریں گے۔