لیڈز (دنیا نیوز) پاک انگلینڈ ویمنز ٹی 20 سیریز کے دوسرے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 65 رنز سے شکست دے دی، ہدف کے جواب میں قومی ٹیم 79 رنز پر ہی آؤٹ ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق لیڈز کے کاؤنٹی گراؤنڈ نارتھمپٹن میں ہونے والے پاک انگلینڈ ٹی 20 سیریز کے دوسرے میچ میں میزبان ٹیم کی کپتان ہیدر نائٹ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انگلینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز بنائے۔
ایلس کیپسی اور نیٹ سکیور برنٹ 31، 31، مایا بوچیر 30 رنز بناکر نمایاں رہیں، پاکستان ویمنز ٹیم کی جانب سے کپتان ندا ڈار نے 2 جبکہ وحیدہ اختر، ڈیانا بیگ اور سعدیہ اقبال نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں قومی ویمنز ٹیم نے بلے بازی شروع کی تو آغاز اچھا نہ ہوا، 8 کے مجموعی سکور پر پہلی جبکہ ایک رنز بعد ہی دوسری وکٹ بھی گر گئی، گل فیروزا نے 3 اور صدف شمس بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹ گئیں، سدرہ امین نے 11 رنز کی اننگز کھیلی۔
سدرہ کے بعد آنے والی منیبہ علی نے ٹیم کو تھوڑا سہارا دیا لیکن وہ بھی 18 رنز کی مہمان ثابت ہوئیں، عالیہ ریاض نے بھی 19 رنز بنائے، ثناء فاطمہ 8، وحیدہ اختر 2، ڈیانا بیگ اور سدرہ اقبال بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہو گئیں، یوں پوری ٹیم صرف 79 رنز ہی بنا پائی۔
انگلینڈ کی جانب سے سوفی ایکسلٹون نے 3، لورن بیل، سارہ گلین اور ایلس کیپسی نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، پہلے میچ میں بھی پاکستان ویمنز ٹیم کو 53 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، 3 میچوں کی سیریز میں انگلش ٹیم کو 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہو گئی ہے۔