نیپالی بورڈ نے سندیپ لمی چانے کے امریکی ویزے کیلئے حکومت سے مدد مانگ لی

Published On 23 May,2024 01:11 pm

کھٹمنڈو: (ویب ڈیسک) کرکٹ ایسوسی ایشن آف نیپال نے سندیپ لمی چانے کے امریکی ویزے کے لیے حکومت سے مدد مانگ لی۔

نیپال کرکٹ حکام نے وزیرِ اعظم اور وزارت خارجہ سے سندیپ لمی چانے کے ویزے کے لیے درخواست کی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ سندیپ لمی چانے کے امریکی ویزے کے اجراء کے لیے کوشش کی جائے، ویزا درخواست کے ساتھ ہائی کورٹ کے فیصلے کی کاپی بھی لگائی گئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ ویزا جاری نہ ہونا پریشان کن ہے، ویزے کے اجراء کے لیے پرامید ہیں۔

واضح رہے کہ امریکا نے ٹی 20 ورلڈکپ کیلئے سندیپ لمی چانے کو ویزا دینے سے انکار کر دیا تھا۔

یاد رہے کہ نیپالی کرکٹر کو گزشتہ سال جنسی زیادتی کے الزام میں سزا ہوئی تھی جبکہ گزشتہ دنوں ایک اور عدالت نے ان کو الزامات سے بری کر دیا تھا۔

نیپالی بورڈ نے الزامات سے بری ہونے کے بعد سندیپ لمی چانے کو ٹی 20 ورلڈ کپ 2024ء کے لیے قومی سکواڈ کا حصہ بنایا تھا۔