ٹی 20 ورلڈ کپ: قومی ٹیم کا پریکٹس سیشن بارش سے متاثر، انڈور ٹریننگ

Published On 14 June,2024 10:20 am

فلوریڈا: (دنیا نیوز) ٹی 20 ورلڈ کپ کے چوتھے اور آخری گروپ میچ کی تیاری کے لیے ٹیم پاکستان فلوریڈا میں موجود ہے۔

موسم کی خرابی کے باعث پریکٹس کا پہلا سیشن متاثر ہو گیا، کھلاڑیوں نے ہلکی پھلکی انڈور فزیکل ٹریننگ کی اور فٹ بال بھی کھیلی۔

رپورٹ کے مطابق ٹی 20 ورلڈ کپ کے پہلے راؤنڈ کے آخری لیگ میچ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم نے بارش کے باعث پریکٹس سیشن ختم کر کے سٹیڈیم کی بجائے مقامی فٹبال کلب میں فزیکل ٹریننگ کی اور فٹبال کھیلنے کو ترجیح دی۔

قومی کرکٹرز نے بچوں کے ساتھ کرکٹ کلینک میں بھی حصہ لیا، کھلاڑیوں نے بچوں کے ساتھ کرکٹ کھیلی اور انہیں ٹپس بھی دیں۔

سپر ایٹ مرحلے تک رسائی کے لیے اگر مگر کے چکر میں پھنسی ہوئی قومی کرکٹ ٹیم کے لیے اس میچ میں آئر لینڈ کے خلاف فتح لازم ہے اور ساتھ ہی ساتھ یہ بھی لازم ہے کہ آج کے میچ میں امریکا کو آئر لینڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا ہو۔

اگر یہ میچ بارش سے متاثر ہوا یعنی دونوں ٹیموں امریکا اور آئر لینڈ کو ایک ایک پوائنٹ ملا تو پاکستان ٹورنامنٹ سے باہر ہو جائے گا۔

واضح رہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم اپنا آخری لیگ میچ 16 جون کو آئرلینڈ کے خلاف کھیلے گی، یہ میچ بھی بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔