لاہور: (دنیا نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے کہا ہے کہ ٹیم میں بہت مسائل ہیں جو وقت پر ٹھیک نہیں ہو پا رہے۔
سپورٹس جرنلسٹ کے عالمی دن کی مناسبت سے بات چیت کرتے ہوئے قومی بلے باز محمد رضوان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لوگ ہم سے محبت کرتے ہیں، ورلڈ کپ میں ہم اس طرح نہیں کھیل پائے جس طرح کی امید تھی، ہم پر لوگوں کی تنقید جائز ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب ٹیم ہارتی ہے تو بہت سی جگہ پر غلطی ہوتی ہے، بہت سی چیزیں خراب ہوتی ہیں تو ٹیم ہارتی ہے، بہت سی جگہوں پر مسائل ہیں جو وقت پر ٹھیک نہیں ہوپارہے۔
محمد رضوان کا کہنا تھا کہ کبھی ہم سے میچ فنش نہیں ہوتا ،کبھی ڈیتھ بولنگ اچھی نہیں ہوتی، کبھی ہمارا پاور پلے اچھا نہیں جاتا، کبھی پاورپلے میں بولنگ اچھی نہیں ہوتی، غصے میں کہا گیا کہ ٹیم میں سیاست ہورہی ہے، جب ہم ملک کے لیے کھیلتے ہیں، ہمارے ذہن میں صرف یہ بات ہوتی ہے کہ ہماری مخالف ٹیم کونسی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم ایونٹ نہیں جیت پائے لیکن کئی بار فائنل بھی کھیل چکے ہیں، تمام لوگوں کی اپنی اپنی رائے ہے، افغانستان کے کھلاڑی اس وقت سخت محنت کررہے ہیں، اس ورلڈکپ میں افغانستان کرکٹ ٹیم بہت اعلیٰ طریقے سے کھیلی۔
قومی ٹیم میں سرجری کے حوالے سے کیے گئے سوال کے جواب میں محمد رضوان نے کہا کہ آپریشن ہوتے رہتے ہیں، انسان بیما ر ہوتے ہیں تو آپریشن ہوتا ہے، پی سی بی چیئرمین بہت سخت محنت کرنے والے انسان ہیں، چیئرمین پی سی بی نے کہا ہے ٹیم کی سرجری ہوگی۔
وکٹ کیپر بلے باز کا مزید کہنا تھا کہ چیئرمین پی سی بی کو اس سرجری کا حق ہے، ٹیم میں جو بیسٹ ہے وہ نکالیں گے،جو کمی بیشی کرنی ہوگی وہ کریں گے۔