ہرارے: (ویب ڈیسک) ٹی 20 کی عالمی چیمپئن بھارتی ٹیم ورلڈ کپ اٹھانے کے بعد اگلے ہی میچ میں زمبابوے سے میچ ہار گئی۔
ہرارے میں کھیلے گئے اس لو سکورنگ میچ میں زمبابوے نے بھارت کو 13 رنز سے شکست دی، میزبان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 115 رنز بنائے۔
زمبابوے کی جانب سے کلائیو مناڈے 29 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، ڈائن مائرز نے 23، برائن بینٹ نے 22 اور ویسلے مادھیورے نے 21 رنز کی اننگ کھیلی۔
بھارت کی جانب سے روی بشنوئی نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، واشنگٹن سندر نے دو جبکہ اویش خان اور مکیش کمار ایک ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔
116 رنز کے آسان ہدف کے تعاقب میں عالمی چیمپئن ٹیم آخری اوور میں 102 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی، کپتان شبمن گل 31 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے۔
زمبابوے کے سکندر رضا اور ٹینڈائی چتارا نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، سکندر رضا کو عمدہ باؤلنگ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔