بیٹر عثمان خان نے تیز ترین لسٹ اے ڈبل سنچری کا نیا ریکارڈ بنا لیا

Published On 05 October,2024 09:12 pm

فیصل آباد:(ویب ڈیسک ) پاکستان کے جارح مزاج بیٹر عثمان خان نے تیز ترین لسٹ اے ڈبل سنچری کا نیا قومی ریکارڈ قائم کر دیا۔

اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے گئے پریذیڈنٹ کپ کے میچ میں ایشال ایسوسی ایٹس کے عثمان خان نے ایس این جی پی ایل کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 131 گیندوں پر اپنی ڈبل سنچری مکمل کی۔

عثمان نے اپنی اننگز میں 132 گیندوں پر 201 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

خیال رہے یہ پاکستان کی لسٹ اے کرکٹ میں تیز ترین ڈبل سنچری تھی، اس سے پہلے یہ ریکارڈ شرجیل خان کے پاس تھا جنہوں نے دو سال قبل 2022 میں سندھ کی نمائندگی کرتے ہوئے خیبر پختونخوا کے خلاف 133 گیندوں پر اپنی ڈبل سنچری مکمل کی تھی۔

یاد رہے عثمان خان کے کیرئیر کا 10 واں لسٹ اے میچ تھا، وہ اب تک دس لسٹ اے میچز میں ایک ڈبل سنچری، ایک سنچری اور چار نصف سنچریوں کی مدد سے 81 عشاریہ 5 کی اوسط کے ساتھ 652 رنز بناچکے ہیں۔

واضح عثمان خان لسٹ اے میچز میں ڈبل سنچری کرنے والے ساتویں پاکستانی کرکٹر ہیں، اس ان سے قبل فخر زمان، عابد علی، محمد علی، شرجیل خان، کامران اکمل اور خالد لطیف بھی یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔