2024 کرکٹرز کی ریٹائرمنٹ کا سال

Published On 31 December,2024 11:46 am

لاہور: (فہیم حیدر) یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ سال 2024 کرکٹرز کی ریٹائرمنٹ کا سال رہا ہے، اس کھیل سے جڑے کئی بڑے نام رواں سال کرکٹ کو خیر باد کہہ گئے۔

سال 2024 میں کئی کھلاڑیوں نے انٹرنیشنل کرکٹ یا پھر اس کے کسی مخصوص فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا، سب سے پہلے ان کرکٹرز کے بارے میں بات کرتے ہیں جو رواں سال انٹرنیشنل کرکٹ کے تمام فارمیٹس سے ریٹائر ہو گئے۔

جیمز اینڈرسن


ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے انگلینڈ کے فاسٹ باؤلر جیمز اینڈرسن نے رواں سال مئی میں انسٹا گرام کے ذریعے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔

جولائی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنا آخری ٹیسٹ کھیلنے کے بعد جیمز اینڈرسن نے انٹرنیشنل کرکٹ کو خیر باد کہا۔

جیمز اینڈرسن نے کیریئر کے آخری ٹیسٹ میں 4 وکٹیں حاصل کیں، انہوں نے مجموعی طور پر 188 ٹیسٹ میں 704 وکٹیں حاصل کیں، وہ 700 سے زائد وکٹیں لینے والے تیسرے باؤلر بنے۔

41 سالہ جیمز اینڈرسن نے تینوں فارمیٹس میں مجموعی طورپر 991 شکار کیے۔

شیکھر دھون

رواں سال اگست میں بھارتی اوپنر شیکھر دھون نے انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک کرکٹ سے باضابطہ طور پر ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا، وہ سال 2022 کے بعد سے بھارت کی نمائندگی نہیں کر رہے تھے۔

البتہ دھون اس سال کی لیجنڈز لیگ کرکٹ میں ایکشن میں ہوں گے جو ریٹائرڈ کھلاڑیوں کا ایک ٹورنامنٹ ہے۔

ڈیوڈ ملان

اگست 2024 میں انگلینڈ کے بائیں ہاتھ کے بیٹر ڈیوڈ ملان نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا، وہ 2023 کے ورلڈ کپ کے بعد قومی ٹیم کا حصہ نہیں تھے۔

شینن گیبریل


ویسٹ انڈیز کے دائیں ہاتھ کے فاسٹ باؤلر شینن گیبریل نے رواں سال اگست میں انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہا البتہ وہ ڈومیسٹک اور فرنچائز کرکٹ کھیلنا جاری رکھیں گے۔

ڈیوڈ وارنر


آسٹریلیا کے جارحانہ اوپنر ڈیوڈ وارنر نے گزشتہ سال ون ڈے اور ٹیسٹ فارمیٹس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا تاہم اس سال جون میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ کے بعد وہ انٹرنیشنل کرکٹ کے تمام فارمیٹس سے بھی ریٹائر ہو گئے۔

البتہ ڈیوڈ وارنر نے 2025 کی چیمپئنز ٹرافی کے لیے اپنی دستیابی کا اعلان کیا تھا لیکن مشکل ہے کہ انہیں آسٹریلیا اپنی ٹیم میں شامل کرے۔

ڈیوڈ ویزا


پہلے جنوبی افریقا اور پھر نمیبیا کی نمائندگی کرنے والے آل راؤنڈر ڈیوڈ ویزا نے اس سال ٹی 20 ورلڈ کپ کے بعد تمام بین الاقوامی فارمیٹس سے ریٹائر ہونے کا اعلان کیا تھا۔

ڈیوڈ ویزا پاکستان سپر لیگ میں لاہور قلندرز کی بھی نمائندگی کرچکے ہیں، انہیں پاکستان میں کافی شہرت ملی ہے، تاہم ابھی وہ لیگ  کرکٹ کھیل رہے ہیں۔

سیبرانڈ اینگلبرکٹ


نیدرلینڈز کے کرکٹر سیبرانڈ اینگلبرکٹ جو ماضی میں جنوبی افریقا کی انڈر 19 ٹیم کی نمائندگی کر چکے ہیں وہ بھی ٹی 20 ورلڈ کپ کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہو گئے۔

دنیش کارتک


بھارتی وکٹ کیپر بیٹر دنیش کارتک نے رواں سال جون میں انٹرنینشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا، تاہم وہ جنوبی افریقا کی ٹی 20 لیگ کے آئندہ سیزن میں پارل رائلز کیساتھ کھیلنے کے لیے معاہدہ کر چکے ہیں۔

ڈین ایلگر


جنوبی افریقا کے بائیں ہاتھ کے تجربہ کار بیٹر ڈین ایلگر نے ویسے تو دسمبر 2023 میں اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا، لیکن رواں سال جنوری میں بھارت کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز کے بعد انہوں نے باضابطہ طور پر کرکٹ چھوڑ دی۔

سوربھ تیواری


بھارتی بیٹر سوربھ تیواری جنہوں نے 2010 میں بھارت کے لیے اپنا آخری میچ کھیلا تھا، رواں سال فروری میں رانجی ٹرافی میں جھارکھنڈ کی نمائندگی کرنے کے بعد پروفیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہو گئے۔

نیل ویگنر


نیوزی لینڈ کے بائیں ہاتھ کے فاسٹ باؤلر نیل ویگنر نے رواں سال فروری میں آسٹریلیا کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز سے باہر ہونے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا۔

کولن منرو


نیوزی لینڈ کے بائیں ہاتھ کے جارحانہ بیٹر کولن منرو فرنچائز کرکٹ میں مسلسل ایک اہم کھلاڑی رہے ہیں لیکن انہوں نے 2020 کے بعد نیوزی لینڈ کے لیے کوئی میچ نہیں کھیلا۔

اسی وجہ سے منرو نے رواں سال مئی میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا باضابطہ اعلان کیا تھا۔

کیدار یادیو


کیدار یادیو جنہوں نے بھارت کیلئے 82 میچز میں نمائندگی کی وہ رواں سال جون میں تمام فارمیٹس سے ریٹائر ہو گئے تھے۔

انہوں نے آئی پی ایل میں بھی کئی ٹیموں کی نمائندگی کی، وہ مہندر سنگھ دھونی کے لیے میچ میں اپنی باؤلنگ سے پارٹنرشپ بریکر کا کام بخوبی کرتے تھے۔

ول پوکووسکی


رواں سال اگست میں صرف 26 سال کی عمر میں آسٹریلوی بیٹر ول پوکووسکی کو کرکٹ کے تمام فارمیٹس سے ریٹائر ہونا پڑا کیونکہ میڈیکل ماہرین نے ان کو سر پر لگنے والی چوٹ کی وجہ سے کرکٹ چھوڑنے کا مشورہ دیا تھا۔

انہوں نے 2021 میں بھارت کے خلاف ایک ٹیسٹ میچ کھیلا تھا۔

برندر سران


رواں سال 30 اگست کو بھارتی فاسٹ باؤلر برندر سران نے انسٹا گرام پوسٹ کے ذریعے پروفیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا، وہ 2016 میں بھارت کے لیے 8 میچ کھیل چکے ہیں۔

معین علی


انگلش آل راؤنڈر معین علی جو پہلے ہی ٹیسٹ کرکٹ کو خیر باد کہہ چکے تھے انہوں نے رواں سال 8 ستمبر کو بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا، البتہ وہ فرنچائز کرکٹ کھیلنا جاری رکھیں گے۔

میتھیو ویڈ


آسٹریلیا کے بائیں ہاتھ کے وکٹ کیپر بیٹر میتھو ویڈ نے رواں سال اکتوبر میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا اور میتھیو ویڈ نے ریٹائرمنٹ کے فوری بعد کوچنگ کی ذمہ داریاں سنبھال لیں تھیں۔

عماد وسیم


پاکستان ٹیم کے آل راؤنڈر عماد وسیم نے دسمبر میں ایک بار پھر انٹر نیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا، عماد وسیم نے رواں سال جون میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈکپ سے قبل اپنی ریٹائرمنٹ واپس لی تھی۔

محمد عامر


عما وسیم کے بعد پاکستانی فاسٹ باؤلر محمد عامر نے بھی دسمبر میں ایک بار پھر انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا، محمد عامر نے 36 ٹیسٹ میچز کے علاوہ 61 ون ڈے انٹرنیشنلز اور 62 ٹی 20 میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی۔

عماد وسیم کی طرح محمد عامر نے بھی ٹی 20 ورلڈکپ میں ملک کی نمائندگی کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ واپس لی تھی۔

محمد عرفان


بائیں ہاتھ کے طویل القامت پاکستانی فاسٹ باؤلر محمد عرفان نے بھی دسمبر میں ہی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر منٹ کا اعلان کیا، محمد عرفان نے 4 ٹیسٹ، 60 ون ڈے اور 22 ٹی 20 میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی۔

روی چندرن ایشون


بھارت کے سٹار سپنر روی چندرن ایشون نے 18 دسمبر کو برسبین میں آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ کے اختتام پر کپتان روہت شرما کے ساتھ پریس کانفرنس میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔

ایشون نے 106 ٹیسٹ میچز میں بھارت کی نمائندگی کی جس میں انہوں نے 537 وکٹیں اپنے نام کی جبکہ انہوں نے 116 ون ڈے اور 65 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز بھی کھیلے ہیں۔

صرف ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہونیوالے کھلاڑی

ٹِم ساؤتھی


نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر ٹِم ساؤتھی کا ٹیسٹ کیریئر 17 دسمبر کو انگلینڈ کے خلاف سیریز کے خاتمے کے ساتھ ہی اختتام کو پہنچ گیا۔

انہوں نے انگلینڈ کے خلاف سیریز کے اختتام کے ساتھ ہی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا اعلان کیا تھا۔

ٹِم ساؤتھی نے 2008 میں انگلینڈ کے خلاف ہی اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا، اُنہوں نے 107 ٹیسٹ میچز میں ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے 391 وکٹیں حاصل کیں۔

ہینرک کلاسن


جنوبی افریقا کے جارح مزاج وکٹ کیپر بیٹر ہینرک کلاسن نے رواں سال جنوری میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔

واضح رہے کہ جنوبی افریقی سلیکٹرز نے انہیں طویل فارمیٹ میں زیادہ مواقع نہیں دیئے تھے، انہوں نے 2019 میں ڈیبیو کے بعد صرف 4 ٹیسٹ کھیلے، البتہ وہ ون ڈے اور ٹی 20 میں جنوبی افریقا کی نمائندگی جاری رکھے ہوئے ہیں۔

ٹی 20 انٹرنیشنل سے ریٹائر ہونے والے کھلاڑی

ویرات کوہلی


بھارتی سٹار بیٹر ویرات کوہلی نے جون میں جنوبی افریقا کے خلاف ٹی 20 ورلڈ کپ کا فائنل جیتنے کے بعد پریزینٹیشن کے دوران اعلان کیا تھا کہ وہ اب یہ فارمیٹ نہیں کھیلیں گے۔

کوہلی کی اچانک ٹی 20 انٹرنیشنل سے ریٹائرمنٹ پر ان کے مداح کافی اداس ہوئے پر خوشی کی بات یہ ہے کہ وہ ابھی بھی ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ میں بھارتی ٹیم کا حصہ ہیں۔

روہت شرما


ویرات کوہلی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے بھارتی ٹی 20 ٹیم کے کپتان روہت شرما نے بھی ٹی 20 ورلڈکپ جیتنے کے بعد پریس کانفرنس میں اس فارمیٹ سے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔

کوہلی کی طرح روہت بھی ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ کے لیے دستیاب ہیں  البتہ اب اطلاعات ہیں کہ وہ آسٹریلیا کیخلاف جاری بارڈ گواسکر ٹرافی کے بعد ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہہ دیں گے۔

رویندرا جڈیجا


ویرات کوہلی اور روہت شرما کی ریٹائرمنٹ کے ایک دن بعد بھارتی آل راؤنڈر رویندرا جڈیجا نے بھی انسٹا گرام پوسٹ کے ذریعے ٹی 20 انٹرنیشنل سے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا جبکہ جڈیجا بھی ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ کھیلتے رہیں گے۔

شکیب الحسن


بنگلا دیش کے سٹار آل راؤنڈر شکیب الحسن نے رواں سال ستمبر میں اعلان کیا تھا کہ جون میں ٹی 20 ورلڈکپ ان کا اس فارمیٹ میں آخری ٹورنامنٹ تھا اور وہ اب ٹی 20 انٹرنیشنل سے ریٹائر ہوگئے ہیں۔

انہوں نے اکتوبر میں ٹیسٹ کرکٹ سے بھی ریٹائر ہونے کا اعلان کر دیا تھا۔

محمود اللہ


2021 میں ٹیسٹ کرکٹ کو خیر باد کہنے والے بنگلادیش کے آل راؤنڈر محمود اللہ نے رواں سال اکتوبر میں ٹی 20 انٹرنیشنل سے بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا، محمود اللہ ون ڈے کرکٹ میں بنگلادیش کی نمائندگی کرتے رہیں گے۔

برائن ماسابا


یوگنڈا کرکٹ ٹیم کے کپتان برائن ماسابا نے ٹی 20 ورلڈکپ کے بعد اس فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا، البتہ وہ ون ڈے فارمیٹ کے لیے یوگنڈا ٹیم کے لیے دستیاب رہیں گے۔