سال 2024: پولیس ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر کرائم کالز میں نمایاں کمی

Published On 31 December,2024 11:47 am

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب سیف سٹی اتھارٹی نے سال 2024 کے دوران پولیس ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر موصول ہونے والی کالز کے حوالے سے رپورٹ جاری کردی۔

رپورٹ کے مطابق سال 2024 میں ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 کی کرائم کی کالز میں واضح کمی آئی، ہیلپ لائن 15 پر کرائم برخلاف پراپرٹی بارے موصولہ کالز میں گزشتہ سال کی نسبت مجموعی طورپر 13 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، ڈکیتی کی 15 کی کالز میں گزشتہ سال کی نسبت 14 فیصد کمی آئی۔

پولیس ترجمان نے بتایا کہ سال 2024 میں گاڑیاں چھیننے کی وارداتوں کی 15 کی کالز میں گزشتہ سال کی نسبت 19 فیصد ، کار چوری کی وارداتوں میں 23 فیصد، موٹر سائیکلز چوری کی وارداتوں میں اسی عرصہ میں 19فیصد جبکہ دیگر وہیکلز چھیننے کی وارداتوں کی 15 کی کالز میں 21 فیصد کمی واقع ہوئی۔

ترجمان نے بتایا کہ سال 2024ء میں ڈکیتی کے رجسٹرڈ کیسز میں گزشتہ سال کی نسبت 25 فیصد، رابری کے رجسٹرڈ کیسز میں 9 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، گاڑیاں، موٹر سائیکلز چھیننے کے رجسٹرڈ کیسز میں 3 فیصد جبکہ چوری کے رجسٹرڈ کیسز میں 13 فیصد کمی ہوئی۔

پولیس ترجمان نے کہا کہ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی سسٹم کے مطابق جرائم کی کالز پر مصدقہ شکایت کے تحت ایف آئی آر کا اندراج کیا جاتا ہے۔

اس حوالے سے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ سنگین وارداتوں، سٹریٹ کرائمز کی 15 کی کالز میں کمی کا رجحان پنجاب پولیس کی کارکردگی میں بہتری کا عکاس ہے، شہر کے تمام تھانوں میں فری رجسٹریشن آف کرائم کو یقینی بنایا جا رہا ہے، پنجاب پولیس کا واحد فوکس شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور مجرموں کی سرکوبی ہے۔