اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ویسٹ انڈیز اور پاکستان شاہینز کے درمیان کھیلا گیا سہ روزہ وارم اپ میچ ڈرا ہوگیا۔
اسلام آباد کلب میں جب تیسرے دن کھیل ختم ہوا تو پاکستان شاہینز نے 312 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 2 وکٹوں پر 128 رنز بنائے تھے۔
تیسرے دن کے کھیل کی خاص بات محمد ہریرہ کی شاندار بیٹنگ تھی جنہوں نے 12 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 80 رنز اسکور کیے۔
یاد رہے کہ محمد ہریرہ جنہیں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے اس میچ کی پہلی اننگز میں بھی عمدگی سے بیٹنگ کرتے ہوئے 74 رنز اسکور کیے تھے۔
محمد ہریرہ نے عمیر بن یوسف کے ساتھ پہلی وکٹ کی شراکت میں 82 رنز کااضافہ کیا۔ عمیر نے 25 رنز سکور کیے۔
جومل واریکن نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے اپنی دوسری اننگز 40 اوورز کی بیٹنگ میں 5 وکٹوں پر 177 رنز بناکر ڈکلیئر کردی تھی۔
پہلی اننگز میں 99 رنز اسکور کرنے والے الیک اناتھاز 7 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 58 رنز ناٹ آؤٹ کے ساتھ نمایاں رہے۔
ٹیون املاچ نے 9 چوکوں کی مدد سے57 رنز اسکور کیے اور وہ بھی آؤٹ نہیں ہوئے۔ ان دونوں نے چھٹی وکٹ کی ناقابل شکست شراکت میں 104 رنز کا اضافہ کیا، کیون ہوج نے 36 رنز کی اننگز کھیلی۔
موسیٰ خان اور علی رضا نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
یاد رہے کہ ویسٹ انڈیز نے پہلی اننگز میں 8 وکٹوں پر346 رنز بنائے تھے جبکہ پاکستان شاہینز نے اپنی پہلی اننگز میں 9 وکٹوں پر 212 رنز اسکور کیے تھے۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ٹیسٹ 17 جنوری سے ملتان میں کھیلا جائے گا۔
ملتان 25 جنوری سے شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ کی بھی میزبانی کرے گا۔ یہ دونوں ٹیسٹ میچز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہیں۔