فارچیون باریشال نے بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کا ٹائٹل جیت لیا

Published On 07 February,2025 10:13 pm

ڈھاکہ: (دنیا نیوز) بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کے فائنل میں فارچیون باریشال نے چٹاگانگ کنگز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 وکٹوں سے ہرا کر ٹائٹل جیت لیا۔

فاتح ٹیم نے 195 رنز کا ہدف آخری اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، تمیم اقبال نے 54 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی اور مرد میدان قرار پائے ۔

شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میگا ایونٹ کے فائنل میں چٹاگانگ کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنائے۔

پرویز حسین نے 78 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، خواجہ نافع 66 اور گراہم کلارک 44 رنز بنا کر نمایاں رہے ۔ محمد علی اور عبادت حسین نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی ۔

فارچیون باریشال نے مطلوبہ ہدف 19.3 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، تمیم اقبال نے 29 گیندوں پر 54 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔

کائل میئرز نے 46 رنز بنائے اور آخر میں رشاد حسین نے 6 گیندوں پر ناقابل شکست 18 رنز بنا کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

تمیم اقبال میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے جبکہ مہدی حسن میراز کو ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔