لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی سے صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل کھوکھر نے ملاقات کی ہے۔
قذافی سٹیڈیم میں ہونے والی ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور، کرکٹ ٹورنامنٹس کے انعقاد اور چیمپئنز ٹرافی کے انتظامات کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا، فیصل کھوکھر نے ریکارڈ مدت میں قذافی سٹیڈیم کی تعمیر نو پر چیئرمین پی سی بی کو مبارکباد دی ۔
صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل کھوکھر کا کہنا تھا کہ آپ نے بڑے ٹاسک کو جس خوش اسلوبی سے مکمل کیا وہ قابل ستائش ہے، پی سی بی کے تعاون سے کرکٹ کو ہر سطح پر فروغ دینا چاہتے ہیں۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے پنجاب حکومت کو کھیلوں کے فروغ کے لئے ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی۔
محسن نقوی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے قذافی سٹیڈیم کی تعمیر نو کے لئے ٹیم کی دن رات کی محنت کا ثمر دیا ، چیمپئنز ٹرافی کے لئے تیاریاں مکمل ہیں۔