آسٹریلیا، انگلینڈ میچ میں بھارتی ترانہ چلنے پر پی سی بی کی آئی سی سی سے وضاحت طلب

Published On 22 February,2025 09:17 pm

دبئی :(دنیا نیوز) آسٹریلیا، انگلینڈ میچ میں بھارتی ترانہ چل گیا، پی سی بی نے آئی سی سی سے وضاحت مانگ لی۔

پی سی بی ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے وضاحت طلب کرلی کہ آسٹریلیا اور انگلینڈ کے میچ میں بھارتی ترانہ کیسے چلا؟

ذرائع نے بتایا کہ چیمپئنز ٹرافی کیلئے ترانے کی پلے لسٹ آئی سی سی نے تیار کی تھی، بھارت کے پاکستان میں نہ ہونے کے باوجود بھی آئی سی سی نے پلے لسٹ میں بھارت کا ترانہ رکھا۔

بورڈ ذرائع کا کہنا ہے کہ انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان میچ میں ترانہ چلانا آئی سی سی کی ذمہ داری تھی، پاکستان کرکٹ بورڈ نے معاملے پر آئی سی سی سے رابطہ کیا اور معاملے کی وضاحت طلب کرلی جبکہ  پی سی بی نے آئی سی سی سے مطالبہ کیا کہ نہ صرف پاکستان بلکہ ہر کسی کو اس غلطی پر وضاحت دی جائے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ آئی سی سی کا ٹورنامنٹ ہے، ہر چیز کو کنٹرول اور ایگزیکیوٹ کرنا آئی سی سی کی ذمہ داری ہے۔

واضح  رہے کہ آج میچ سے قبل آسٹریلیا کے ترانے کے بجائے چند لمحے کیلئے بھارت کا ترانہ چلا دیا گیا تھا۔