لاہور: (دنیا نیوز) بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شکلا نے چیمپئنز ٹرافی کے پاکستان میں کامیاب انعقاد پرمسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ اگر آسٹریلیا جیتتا تو فائنل لاہور میں ہی ہوتا، بھارت کا نہ آنا بی سی سی آئی کا نہیں بھارتی سرکار کا فیصلہ ہے۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کے نائب صدر راجیو شکلا نے قذافی اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کے دوران چیمپئنز ٹرافی کے پاکستان میں کامیاب انعقاد پرمسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ قذافی اسٹیڈیم اور لاہور آکر بہت اچھا لگ رہا۔
راجیو شکلا نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بہت اچھے طریقے سے اس ٹورنامنٹ کو آرگنائز کیا ہے، چیمپئنز ٹرافی شروع ہونے سے پہلے تمام معاملات طے پائے تھے۔
بی سی سی آئی کے نائب صدرنے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ انڈین ٹیم کے پاکستان آنے کا فیصلہ بھارتی حکومت نے کرنا ہے، انڈین کرکٹ بورڈ کی پالیسی ہے کہ دو طرفہ سیریز اپنے اپنے ممالک میں کھیلیں گے۔
راجیو شکلا نے مزید کہا کہ ایشیا کپ کے حوالے سے اس وقت صورت حال برقرار ہے، دنیا تو پاکستان اور بھارت کے میچز کروانے کی پیش کش کرے گی۔