لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کے اعلان کے بعد بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کا امکان روشن ہوگیا، بنگلادیشی کرکٹ بورڈ نے بھی دورہ کے لئے گرین سگنل دے دیا۔
واضح رہے کہ پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے 5 میچز 25 مئی سے 3 جون تک فیصل آباد میں کھیلے جانے ہیں، اس سے قبل بنگلا دیشی ٹیم شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں متحدہ عرب امارات کے خلاف دو ٹی ٹوئنٹی میچز 17 اور 19 مئی کو کھیلے گی۔
قبل ازیں بنگلادیشی کرکٹ بورڈ نے اپنے اعلامیہ میں کہا تھا کہ آئندہ دورہ پاکستان کے حوالے سے بات چیت جاری ہے، کھلاڑیوں اور معاون عملے کی حفاظت اور تحفظ بورڈ کی اولین ترجیح ہے اور دورے سے متعلق تمام فیصلے پاکستان کی موجودہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کئے جائیں گے۔
واضح رہے کہ بنگلا دیشی کرکٹ بورڈ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان سرحدی کشیدگی کے بعد آئی پی ایل اور پی ایس ایل کے التوا کو دیکھتے ہوئے دورہ کا فیصلہ موخر کردیا تھا۔
دریں اثنا پی سی بی کے ترجمان نے دورہ کے حوالے سے دونوں ممالک کے بورڈز کے درمیان رابطہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جنگ بندی کے اعلان کے بعد سامنے آنے والی صورتحال کے مطابق فیصلہ سامنے آئے گا۔
ابتدائی شیڈول کے مطابق بنگلادیشی کرکٹ ٹیم کی 21 مئی کو پاکستان آمد طے ہے۔