لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان سپرلیگ سیزن 10 کے پہلے ایلیمنٹر میچ میں لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو 6 وکٹوں سے ہراکر فائنل کی دوڑ سے باہر کردیا۔
کراچی کنگز کے 191 رنز کا ہدف لاہور قلندرز نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 19ویں اوور میں پورا کرلیا، لاہور قلندرز کی جانب سے عبداللہ شفیق نے 35 گیندوں پر 5 چھکوں اور3 چوکوں کی مدد سے 65 رنز کی جارحانہ اننگ کھیلی۔
لاہور قلندرز کے اوپنر فخرزمان نے 28 گیندوں پر 3 چھکوں اور 5 چوکوں کے عوض 47 رنز سکور کیے، کوشال پریرا 30 اور محمد نعیم 14 رنز بنا سکے، بہانوکا راجا پکشا 23 جبکہ آصف علی ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، یوں لاہور قلندر زنے یہ 6 وکٹوں سے فتح سمیٹ لی اور کراچی کنگز کو ایونٹ سے باہر کردیا۔
کراچی کنگز کی جانب سے حسن نے 2 جبکہ فواد علی اور میر حمزہ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
قبل ازیں لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنائے۔
کراچی کنگز کی جانب سے کپتان ڈیوڈ وارنر 52 گیندوں پر 75 رنز بنا کر نمایاں رہے ، ان کی اننگ میں 3 چھکے اور 8 چوکے شامل تھے، عرفان خان 18، ٹم سائفرٹ اور محمد نبی 16،16، سعد بیگ 11 جبکہ جیمز وینس 4 اورعباس آفریدی 2 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
کنگز کےحسن علی بغیر کھاتہ کھولے ہی چلتے بنے جبکہ خوشدل شاہ نے 27 اور میر حمزہ نے 2 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگ کھیلی۔
لاہور قلندرز کی جانب سے حارث رؤف نے 3، کپتان شاہین آفریدی نے 2، زمان خان، شکیب الحسن اور محمد نعیم نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔
لاہور قلندرز دوسرے ایلیمنٹر میں اسلام آباد یونائیٹڈ سے ٹکرائے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کھیلے گئے پہلے کوالیفائر میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دے کر فائنل کی ٹکٹ کنفرم کرلی ہے۔