پی سی بی کے سکولز ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام 26-2025 کا آغاز

Published On 23 September,2025 10:40 am

لاہور: (اسامہ غوری) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ملک بھر میں سکولز کے لیے بڑے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا آغاز کر دیا۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کریسنٹ ماڈل ہائر سکول میں منعقدہ افتتاحی تقریب میں ٹورنامنٹ کی ٹرافی کی رونمائی کی اور کھلاڑیوں سے ملاقات کی، اس موقع پر ٹیموں کو پی سی بی کے کٹ بیگز بھی دیئے گئے۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پروگرام میں ملک بھر کے تمام صوبوں سے 391 سکولز حصہ لے رہے ہیں جن میں 175 سرکاری اور 218 نجی سکولز شامل ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ ہمارا مقصد نئے کرکٹ سٹارز کی تلاش ہے تاکہ وہ مستقبل میں قومی ٹیم میں شامل ہو کر ملک کا نام روشن کریں۔

محسن نقوی نے مزید کہا ہے کہ بہترین کارکردگی دکھانے والے طلباء کو U15، U17 اور U19 ریجنل ٹیموں اور اکیڈمیوں میں شامل کیا جائے گا، یہ پروگرام نوجوانوں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ پیشہ ورانہ کرکٹ میں کیریئر بنانے کا موقع فراہم کرے گا۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا ہے کہ انہیں خوشی ہے کہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا آغاز کریسنٹ ماڈل ہائر سکول سے کیا گیا جہاں ان کی اپنی تعلیمی اور کرکٹ سے جڑی یادیں وابستہ ہیں۔

افتتاحی تقریب میں پی سی بی بورڈ آف گورنرز کے رکن انوار غنی، میاں سلیم الطاف، پرنسپل رابعہ نجم، صدر ایل سی سی اے خواجہ ندیم، سیکرٹری سپورٹس، ڈی جی پنجاب سپورٹس بورڈ، چیف فنانشل آفیسر جاوید مرتضیٰ، ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ عبداللہ خرم نیازی اور دیگر حکام بھی شریک تھے۔