قذافی سٹیڈیم واقعہ: پی سی بی کا ڈریسنگ رومز کو مزید محفوظ بنانے کا فیصلہ

Published On 16 October,2025 03:36 pm

لاہور: (اسامہ غوری) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قذافی سٹیڈیم میں پیش آنے والے واقعے کے بعد ڈریسنگ رومز کی سکیورٹی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

ذرائع کے مطابق انکلیوژر اور ڈریسنگ رومز کے درمیان حفاظتی باڑ لگانے کا منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے تاکہ میدان میں موجود تماشائی یا غیر متعلقہ افراد کسی صورت ڈریسنگ رومز تک نہ پہنچ سکیں۔

واضح رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان ٹیسٹ میچ کے دوران ایک نوجوان بابراعظم کا فین دیوار پھلانگ کر ڈریسنگ روم تک پہنچ گیا تھا، ڈریسنگ روم میں غیر متعلقہ شخص کو دیکھ کر کھلاڑی حیران رہ گئے تاہم سکیورٹی اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے نوجوان کو حراست میں لے لیا۔

پولیس کے مطابق نوجوان کے خلاف ممنوعہ مقام میں داخل ہونے اور کارِ سرکار میں مداخلت کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔