آئی سی سی رینکنگ: نعمان علی کا ٹیسٹ میں دوسری پوزیشن پر قبضہ

Published On 22 October,2025 03:20 pm

لاہور: (دنیا نیوز) آئی سی سی کی تازہ ترین ٹیسٹ رینکنگ میں پاکستان کے تجربہ کار سپنر نعمان علی نے شاندار کارکردگی کے بعد بولرز کی فہرست میں دوسری پوزیشن حاصل کر لی۔

لاہور ٹیسٹ میں ساؤتھ افریقہ کے خلاف دس وکٹیں حاصل کرنے پر نعمان علی نے چار درجے ترقی پاتے ہوئے 853 ریٹنگ پوائنٹس حاصل کیے، وہ 850 پوائنٹس عبور کرنے والے ساتویں پاکستانی بولر بن گئے ہیں۔

یہ کارنامہ کسی پاکستانی سپنر نے یاسر شاہ کے بعد پہلی بار 2016 کے بعد انجام دیا ہے، میچ میں نعمان علی نے پہلی اننگز میں 6 اور دوسری اننگز میں 4 وکٹیں حاصل کی تھیں، دوسری جانب شاہین شاہ آفریدی تین درجے ترقی پا کر 19ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

بیٹنگ رینکنگ میں محمد رضوان چار درجے ترقی کے ساتھ 16ویں، بابر اعظم دو درجے بہتری سے 22ویں پوزیشن پر موجود ہیں جبکہ سلمان آغا آٹھ درجے ترقی کے بعد 30ویں اور امام الحق 44ویں نمبر پر آگئے۔

بین الاقوامی کھلاڑیوں میں ساؤتھ افریقہ کے سینوران میتھو سامی 93ویں سے 55ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں، انہوں نے لاہور ٹیسٹ میں 11 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

ون ڈے رینکنگ میں بنگلہ دیش کے توحید ہریدوے سات درجے ترقی کے بعد 35ویں پوزیشن پر آگئے ہیں جبکہ آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ ٹاپ 10 بولرز میں شامل ہو گئے، بھارت کے محمد سراج 16ویں اور کے ایل راہول ایک درجہ بہتری کے ساتھ 14ویں نمبر پر موجود ہیں۔

ٹی 20 رینکنگ میں انگلینڈ کے فل سالٹ نے دوسری پوزیشن برقرار رکھی جبکہ ہیری بروک 20ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں، بولرز کی فہرست میں انگلینڈ کے عادل رشید تین درجے بہتری کے ساتھ تیسرے نمبر پر آگئے ہیں۔