راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اظہر محمود نے کہا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ کا نہ ہونا قومی ٹیم کی شکست کا باعث ہے۔
راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اظہر محمود نے کہا ہے کہ پاکستان نے کیچز ڈراپ کیے، سٹمپ چھوڑا، بہترین ٹیم کو موقع دیں گے تو جارحانہ جواب ہی ملے گا۔
اظہر محمود نے کہا ہے کہ 20 وکٹیں لینا ضروری ہوتی ہیں، ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی سپنرز کے لیے سازگار پچز بنانی پڑیں گی، ڈومیسٹک میں سپنرز کو بولنگ کرنے کا موقع ہی نہیں ملتا تھا۔
قومی ہیڈ کوچ نے کہا ہے کہ پاکستان کو بیٹنگ کولیپس کا سامنا کرنا پڑا جبکہ جنوبی افریقا نے پنڈی ٹیسٹ میں اچھی بیٹنگ کی۔
اظہر محمود نے اپنے بیٹرز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ سکور کرنے کا طریقہ آنا چاہیے، سٹرائیک روٹیٹ کرنی چاہیے تھی، جنوبی افریقا نے بلاک نہیں کیا، رنز سکور کیے۔
ان کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں دماغی طور پر مضبوط ہونا چاہیے، پاکستان کو سپنرز کے خلاف اچھی بیٹنگ کرنا سیکھنی ہوگی، جنوبی افریقا کے پاس بولنگ میں کافی تجربہ ہے، راولپنڈی ٹیسٹ کی پِچ نے ہر طرح کے بولرز کو مدد دی۔
اظہر محمود نے مزید کہا ہے کہ پاکستانی بیٹرز کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کا زیادہ تجربہ نہیں ہے، گزشتہ سال ٹیسٹ میچز بھی صرف چار ہی کھیلے، زیادہ میچز کھیلیں گے تو تجربہ حاصل ہو گا۔



