ٹی 20 ورلڈ کپ: پاک بھارت ٹاکرا 8 فروری کو کولمبو میں متوقع

Published On 23 October,2025 04:43 am

دبئی: (ویب ڈیسک) آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ آئندہ سال 7 فروری سے 8 مارچ تک کھیلا جائے گا جس کی میزبانی بھارت اور سری لنکا مشترکہ طور پر کریں گے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے مقابلے بھارت کے کم از کم 5 شہروں اور سری لنکا کے 2 مقامات پر منعقد ہوں گے جبکہ ایونٹ کا فائنل میچ احمد آباد یا کولمبو میں کھیلا جائے گا، میچز کے حوالے سے حتمی مقام کا فیصلہ ہائبرڈ ماڈل کے تحت کیا جائے گا جو اس بات پر منحصر ہوگا کہ پاکستان ٹورنامنٹ کے فائنل مرحلے تک رسائی حاصل کرتا ہے یا نہیں۔

ورلڈ کپ 2026ء میں مجموعی طور پر 20 ٹیمیں حصہ لیں گی، میزبان ممالک کے علاوہ 2024ء کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی ٹاپ 7 ٹیموں افغانستان، آسٹریلیا، بنگلہ دیش، انگلینڈ، جنوبی افریقہ، امریکہ اور ویسٹ انڈیزنے براہ راست کوالیفائی کیا جبکہ پاکستان، نیوزی لینڈ اور آئرلینڈ نے بھی اپنی رینکنگ کی بنیاد پر براہ راست رسائی حاصل کی۔

ٹورنامنٹ کا فارمیٹ گزشتہ ورلڈ کپ جیسا ہی ہوگا، یعنی کہ 20 ٹیموں کو 4 گروپس میں تقسیم کیا جائے گا، ہر گروپ میں 5 ٹیمیں شامل ہوں گی، ہر گروپ کی 2 بہترین ٹیمیں سپر 8 مرحلے میں جائیں گی جس کے بعد سیمی فائنلز اور فائنل کھیلا جائے گا۔