آصف آفریدی کا زیر علاج بیٹی کے حوالے سے جذباتی بیان، مداح پریشان

Published On 23 October,2025 04:11 am

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) کرکٹر آصف آفریدی نے کہا ہے کہ میری بیٹی ’سپیشل چائلڈ‘ ہے اور گزشتہ 2 روز سے ہسپتال میں زیر علاج ہے جس کی وجہ سے میں کافی پریشان ہوں۔

جنوبی افریقہ کے خلاف ڈیبیو کرنے والے 38 سالہ کرکٹر آصف آفریدی نے اپنی زیرِ علاج بیٹی کے حوالے سے پریشانی کا اظہار کیا ہے، راولپنڈی ٹیسٹ کے تیسرے دن کے کھیل کے اختتام پر گفتگو کرتے ہوئے کرکٹر نے اپنی بیٹی کی بیماری اور گزشتہ 2 روز سے اس کے علاج کے بارے میں بتایا تو فینز پریشان ہو گئے۔

آصف آفریدی کا کہنا تھا کہ میرے 4 بیٹے اور 1 بیٹی ہے، تاہم بیٹی ’سپیشل چائلڈ‘ اور گزشتہ 2 روز سے خراب طبیعت کی وجہ سے ہسپتال میں زیر علاج ہے، بیٹی کی بیماری کی وجہ سے میں کافی پریشان ہوں، اہلیہ نے کافی حوصلہ بڑھایا ہے کہ بیٹی ٹھیک ہے، اللہ کرے ہم میچ جیت جائیں، اگر ایسا ہوا تو میچ اپنی بیٹی کے نام کروں گا۔

کرکٹر نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ مجھے خواہش تھی کہ میری ایک بیٹی ہو، تاہم بیٹی ہوئی اور وہ سپیشل چائلڈ ہے، بیٹوں کے مقابلے میں بیٹی سے زیادہ پیار کرتا ہوں۔

واضح رہے کہ آصف آفریدی اپنے کیریئر کے پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی ہی اننگز میں 6 وکٹیں حاصل کر کے سب کی توجہ اپنی جانب مبزول کروانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔