فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں ڈولفن فورس اہلکاروں پر فائرنگ کرنے والے ڈاکو گورنمنٹ کالج یونیورسٹی برائے خواتین میں گھس گئے۔ یونیورسٹی کی سیکورٹی پر سوالیہ نشان آیا تو وائس چانسلر کہتی ہیں کہ ہماری سیکورٹی کی بدولت ڈولفن فورس نے ڈاکو پکڑے۔
فیصل آباد میں مدینہ ٹاؤن کے علاقے میں مسلح افراد لوگوں کو لوٹنے کی کوشش کر رہے تھے کہ ڈولفن اہلکار موقع پر پہنچ گئے، جیسے ہی ڈولفن فورس کے اہلکاروں نے ڈاکووں کو روکنے کی کوشش کی تو مسلح افراد فائرنگ کرتے ہوئے جی سی یونیورسٹی کے مین کیمپس میں داخل ہو گئے۔ دونوں ڈاکو جب یونیورسٹی میں قائم گرلز ہاسٹل میں داخل ہوئے تو طالبات میں بھگدڑ مچ گئی اور کچھ طالبات نے خوف کے مارے چلانا شروع کر دیا۔ ڈولفن فورس کے اہلکار فوری طور پر یونیورسٹی پہنچ گئے اور کارروائی کر کے ڈاکوئوں کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کر دیا۔
جی سی یونیورسٹی کی وائس چانسلر نورین عزیز کا کہنا تھا کہ ڈاکو یونیورسٹی میں داخل ہوئے تو خوف وہراس پھیل گیا، تاہم سیکورٹی اہلکاروں نے ڈاکووں کو پکڑ کر ڈولفن فورس کے حوالے کر دیا۔ واضح رہے کہ شہر میں مسلح ڈاکووں کی دن دیہاڑے وارداتوں سے شہری خوفزدہ ہیں۔