فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد کے حلقہ پی پی 110 میں امیدوار کی جیت کا جشن معصوم بچی کی جان لے گیا۔ ہوائی فائرنگ سے زخمی ہونے والی ڈیرھ سالہ بچی الائیڈ ہسپتال میں دم توڑ گئی۔
25 جولائی کو فیصل آباد کے علاقے غلام محمد آباد میں پی ٹی آئی کے امیدوار خیال احمد کاسترو کے ممبر صوبائی اسمبلی منتخب ہونے پر کارکنوں نے اندھا دھند فائرنگ کی، ہوائی فائرنگ کی زد میں آکر چھت پر سوئی ڈیڑھ سالہ ننھی بچی زریاب زخمی ہوگئی۔ بچی گزشتہ 5 روز سے الائیڈ ہسپتال میں زیر علاج تھی جو آج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔
پولیس نے پوسٹمارٹم کے بعد بچی کی لاش لواحقین کے حوالے کردی ہے۔ پولیس کے مطابق اقدام قتل کا مقدمہ پہلے ہی تھانہ غلام محمد آباد میں درج کیا جا چکا ہے اور پولیس نے 10 سے زائد پی ٹی آئی کے کارکنوں کو گرفتار بھی کر رکھا ہے۔