کراچی: (دنیا نیوز) کراچی پولیس غفلت کی انتہا کو پہنچ گئی، پولیس نے چھوٹے بچوں کو ناشتے کے لیے پولیس موبائل فراہم کردی۔ بہادرآباد میں کم عمر لڑکے پولیس موبائل میں ناشتہ کرنے پہنچ گئے، آئی جی سندھ نے خبر کا نوٹس لے لیا۔
کراچی میں پولیس موبائل کم عمر بچوں کے ہاتھ میں کھلونا بن گئی۔ پولیس افسر کے صاحبزادے بہادرآباد ناشتہ کرنے پہنچ گئے۔ گاڑی ڈی ایس پی ماڑی پور اصغر محسود کے زیر استعمال تھی۔ سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہوئی تو ڈی ایس پی ماڑی پور کو معطل کردیا گیا۔ معاملے کی مزید چھان بین کرکے محکمانہ کارروائی بھی کی جائے گی۔ آئی جی سندھ امجد جاوید سلیمی نے ڈی آئی جی ایسٹ سے تفصیلی انکوائری رپورٹ فی الفور طلب کرلی ہے۔ واضح رہے کہ ماضی میں دہشتگردوں کی جانب سے پولیس موبائلز کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔