کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں ڈکیتی کی وارداتیں بڑھنے لگیں، کار سوار ملزمان منی چینجر کی گاڑی سے 60 لاکھ روپے لے اُڑے، واقعہ کا مقدمہ ملازم کی مدعیت میں درج کر لیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے ملزمان کی گرفتاری کے لیے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر کے مدد لی جائے گی۔
کراچی میں جرائم پیشہ عناصر بے لگام ہو گئے، دن دیہاڑے ڈکیتی وارداتیں معمول بن گئیں۔ مسلح ملزمان فیروز آباد میں منی چینجر کی گاڑی سے 60 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہو گئے۔
کمپنی کے ملازم کا کہنا ہے کار سوار مسلح ملزمان نے پولیس سے مشابہہ وردی پہنی ہوئی تھی اور چہروں پر نقاب لگا رکھی تھی، ملزمان منی چینجر کے گارڈ کا اسلحہ بھی اپنے ساتھ لے گئے۔
پولیس کا کہنا ہے واردات میں نئی گاڑی اور بڑا اسلحہ استعمال ہوا، جبکہ منی چینجر کے ملازمین کا کیش لے جانے کا طریقہ بھی درست نہیں تھا۔ پولیس کے مطابق واردات میں ملوث گروپ پہلے بھی متعدد وارداتیں کر چکا ہے۔
دوسری جانب ڈکیتی کی واردات کا مقدمہ منی چینجر کے ملازم کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کر لیا گیا ہے۔