کراچی سینٹرل پولیس جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سرگرم

Last Updated On 15 August,2018 07:46 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف پولیس کی تابڑ توڑ کارروائیاں جاری، سینٹرل پولیس نے مختلف کارروائیوں کے بعد کیش وین لوٹنے والے گروہ کو دھر لیا جبکہ ایک اور کارروائی میں قتل میں ملوث گروہ بھی پولیس کے ہاتھ لگ گیا۔

کراچی میں جرائم پیشہ افراد کی ضلع سینٹرل پولیس کے ہاتھوں شامت آگئی۔ بلال کالونی میں کیش وین لوٹنے والے 5 رکنی گروہ کے 3 ساتھی پکڑے گئے جبکہ 2 ملزمان گرفتار نہ ہوسکے۔ ایس ایس پی سینٹرل عرفان بلوچ کے مطابق ملزمان اسی علاقے کے رہائشی ہیں اور کمپنی کی ریکی کرتے تھے۔

گلبرگ کے علاقے میں سینٹرل پولیس نے ایک اور کارروائی کے بعد ملزمہ سمیت 7 رکنی گروہ کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان کا گروپ سرائیکی نام سے مشہور تھا جبکہ واردات کے لیے دیگر ملزمان خاتون کو استعمال کرتے تھے۔

دوسری جانب کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں کو پولیس لگام ڈالنے میں ناکام ہوگئی۔ فیڈرل بی ایریا بلاک میں ملزم 20 سیکنڈ میں گاڑی چوری کر کے چلتا بنا۔