کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں سٹریٹ کریمنلز نے ایک بار پھر سر اٹھا لیا۔ ناظم آباد میں لٹیروں نے 40 سیکنڈ میں 6 شہریوں کو لوٹ لیا، گھر کے باہر بیٹھے 3 افراد سے نقدی اور موبائل فون جبکہ ایک اور واردات میں 3 موٹر سائیکل سوار شہریوں کو لوٹ کر فرار ہوگئے۔
جرائم پیشہ افراد دھڑلے سے عوام اور کاروباری افراد کو اپنا نشانہ بنا رہے ہیں۔ اسٹریٹ کرمنلز کی آئے روز وارداتوں نے شہریوں کے لئے سانس لینا بھی مشکل بنا دیا۔ تاجر برادری کا کہنا ہے کہ شہر میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں بڑھنے سے کاروباری سرگرمیاں بھی شدید متاثر ہو رہی ہیں۔
تاجر رہنماؤں کا مزید کہنا ہے کراچی آپریشن کے بعد شہر میں بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان جیسی سنگین وارداتیں تو کم ہوئی مگر اسٹریٹ کرائم کا نہ تو خاتمہ ہوا اور نہ ہی اس میں کوئی کمی واقع ہوئی۔