فیصل آباد: (دنیا نیوز) پولیس نے اپنے ہی پیٹی بند بھائی کے بیٹے کی جان لے لی۔ فیصل آباد میں تھانہ ملت ٹاؤن کے علاقہ میں گزشتہ رات مبینہ پولیس مقابلے میں مارے گئے دونوں نوجوانوں کے ورثاء نے پولیس کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے الائیڈ موڑ کو ٹریفک کیلئے بلاک کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق، افسو ناک واقعہ گزشتہ رات تھانہ ملت ٹاؤن کے علاقے میں پیش آیا، ناکے پر دو موٹر سائیکل سواروں کے نہ رکنے پر پولیس نے فائرنگ کر دی جن میں سے ارسلان نامی نوجوان موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا جبکہ عثمان کو الائیڈ ہسپتال منتقل کیا گیا جو رات گئے دم توڑ گیا، عثمان پولیس کانسٹیبل کا بیٹا بتایا جاتا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے پہلے نوجوانوں نے فائرنگ کی جس کے جواب میں فائرنگ کی، ورثاء کا کہنا ہے کہ اہلکاروں نے نشے کی حالت میں فائرنگ کی۔ دونوں نوجوان میٹرک کے طالب علم تھے۔ ورثاء نے مطالبہ کیا کہ قتل میں ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔