کراچی: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی عمران علی شاہ مشکل میں پھنس گئے، شہری پر تشدد کا معاملہ ختم نہیں ہوا تھا کہ سوتیلی والدہ نے تشدد اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کا الزام لگا دیا۔
پروفیسر ریحانہ علی شاہ کے مطابق عمران علی شاہ نے زدوکوب بھی کیا اور جعلی طلاق نامہ بنوا کر جائیداد بھی ہتھیا لی۔
اسمبلی رکنیت کا حلف اٹھانے کے دوسرے روز شہری پر ہاتھ اٹھانے والے عمران علی شاہ مشکل میں پھنس گئے ہیں کیونکہ عباسی شہید ہسپتال میں گریڈ بیس کی آرتھوپیڈک سرجن پروفیسر ریحانہ شاہ کا ویڈیو بیان سامنے آ گیا ہے۔
ریحانہ شاہ کے مطابق ڈاکٹر محمد علی شاہ نے ان سے دوسری شادی کی، پہلی بیوی کے بیٹوں جنید علی شاہ اور عمران علی شاہ کا رویہ ہمیشہ تکلیف دہ رہا۔
پروفیسر ریحانہ شاہ نے الزام لگایا کہ عمران علی شاہ نے جھوٹا طلاق نامہ بنوا کر پاکستان اور بیرون ملک محمد جائیداد پر قبضہ کر لیا، عمران خان سے اپیل ہے کہ انہیں اور ان کے بیٹے مصطفیٰ شاہ کو انصاف دلایا جائے۔
پروفیسر ریحانہ کا کہنا تھا کہ عمران علی شاہ کے رکن اسمبلی بننے کے بعد وہ اور ان کا بیٹا مصطفیٰ خوف کا شکار ہیں۔