کراچی: (دنیا نیوز) کراچی پولیس نے اپنی پرفارمنس رپورٹ جاری کردی، جرائم کی وارداتوں میں گزشتہ برس کے مقابلے میں کمی آئی ہے، شہریوں نے پولیس رپورٹ کی نفی کردی۔
کراچی میں پولیس کی پرفارمنس گراف بہتری کی طرف گامزن، شہر میں جرائم کی شرح میں کمی آنے لگی۔ شہر قائد رواں سال گزشتہ برس کی نسبت کس طرح بہتر رہا پولیس نے اعدادوشمار جاری کردیے۔
رپورٹ کے مطابق سال 2017 کی بات کی جائے تو گاڑیاں چھیننے اور چوری ہونے کی مجموعی طور پر 1024 ورداتیں ہوئیں جبکہ رواں سال 990 شہری اپنی گاڑیوں سے محروم ہوئے جبکہ موٹر سائیکل چوری اور چھینے جانے کے واقعات میں رواں برس 10 فیصد اضافہ ہوا اور 17 ہزار سے زائد شہری موٹر سائیکلوں سے محروم ہوگئے۔
اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ برس 10892 شہریوں سے موبائل فون چھینے گئے جبکہ رواں برس ایسی 10421 وارداتیں رپورٹ ہوئیں۔ پولیس نے اپنی کارگردگی رپورٹ میں 2 دہشت گردوں کو ہلاک 58 کو گرفتار کرنے کا دعوے بھی کیا ہے۔
ادھر شہریوں کا کہنا ہے کہ پولیس کی کارگردگی فقط کاغذوں تک محددو ہے، عوام روزانہ کے بنیاد پر اپنی قیمتی اشیا سے محروم ہورہی ہے۔