اوکاڑہ: (دنیا نیوز) اوکاڑہ میں لین دین کے تنازع پر مخالفین کے مبینہ تشدد سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، پولیس نے لاش ہسپتال منتقل کر دی۔
رینالہ خورد کے نواحی گاوں 23 ٹو ایل میں انتہائی افسوس ناک واقعہ پیش آیا، 6 سال قبل لئے گئے قرض کی صرف 5 ہزار روپے رقم کی خاطر اشرف بلوچ اور اس کے نامعلوم ساتھی نے محمد یاسین نامی شخص کے گھر دھاوا بول دیا۔
دونوں افراد نے محمد یاسین سے 6 سال قبل لئے گئے قرض کا تقاضا کرنا شروع کر دیا۔ ورثا نے موقف اختیار کیا کہ یاسین نے ان کی رقم دے دی تھی مگر پھر بھی انہوں نے ہمارے یاسین کی ایک نہ سنی اور جھگڑا شروع کر دیا۔
اشرف بلوچ اور اس کے نامعلوم ساتھی نے یاسین پر تشدد کرنا شروع کر دیا جس کی وجہ سے یاسین زمین پر گر گیا تو گھر میں موجود خواتین نے شور مچا دیا اسی اثناء اہلے محلہ اکٹھے ہو گئے تو ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس نے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دیں۔