گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) گوجرانوالہ کے علاقے اقبال ٹاؤن میں میاں بیوی نے مبینہ طور پر کم عمر گھریلو ملازمہ کو بدترین تشدد کے بعد قتل کر دیا۔
تھانہ کینٹ کے علاقہ اقبال ٹاؤن میں سفاک زمیندار امانت الیاس اور اس کی بیوی مسرت بی بی نے 11 سالہ گھریلو ملزمہ زرینہ کو بدترین تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد گلے میں پھندا ڈال کر قتل کر دیا۔ واقعہ چھپانے کے لیے بچی کی تشدد زدہ لاش راتوں رات ٹوبہ ٹیک سنگھ اس کے گھر لے گئے۔ اطلاع ملنے پر پولیس بھی وہاں پہنچ گئی اور بچی کی لاش کو پوسٹمارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کیا جبکہ فرار ملزموں کی تلاش جاری ہے۔
گوجرانوالہ کے تھانہ کینٹ میں مقتولہ زرینہ کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ یہ مقدمہ امانت اور اس کی بیوی مسرت کے خلاف دفعہ 302 کے تحت درج کیا گیا۔
مقتولہ کے والد نے ایف آئی آر میں موقف اختیار کیا ہے کہ میری بیٹی کو امانت اور اس کی بیوی نے گلے میں پھندا ڈال کر قتل کیا، میری بیٹی کے گلے اور جسم پر تشدد کے نشانات ہیں۔
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ میری بیٹی کو چوری کے شک میں تشدد کر کے قتل کیا گیا۔ ملزمان کے گھر سے چند دن قبل طلائی زیورات چوری ہوئے تھے۔ مقدمے میں استدعا کی گئی ہے کہ میری بیٹی کو ناحق قتل کیا گیا ہے مجھے انصاف چاہیے۔